وزیر داخلہ نے کہا کہ رینجرز نے سندھ خصوصاً کراچی میں امن وامان برقرار رکھنے میں اہم کردارادا کیا ہے۔

file photo

وزیر اعلیٰ سندھ رینجرز اختیارات میں توسیع کا معاملہ حل کریں:نثار
19 جولائی 2016 (20:32)
0

وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے سندھ کے وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ پر زور دیا ہے کہ وہ سندھ میں رینجرز کے اختیارات کی مدت میں توسیع کے معاملے کے حل کیلئے اپنے اختیارات استعمال کریں۔
وزیراعلیٰ کو ایک خط میں انہوں نے واضح کیا کہ رینجرز نے سندھ خصوصاً کراچی میں امن وامان برقرار رکھنے اور حالات معمول پر لانے میں اہم کردارادا کیا ہے۔
چوہدری نثار علی خان نے افسوس ظاہر کیا کہ سندھ حکومت صوبے میں رینجرز کے اختیارات کی توسیع میں ہر مرتبہ تاخیری حربے استعمال کرتی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ سندھ میں رینجرز کی کارروائیوں کو قانونی تحفظ فراہم کرنے میں تاخیر سے جاری آپریشن متاثر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ یہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ وہ آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچانے کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کریں۔
ادھر ڈائریکٹر جنرل رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر نے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے رابطہ کیا اور سندھ میں رینجرز کے اختیارات کی مدت میں توسیع کے حوالے سے نوٹیفکیشن کے اجراء کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر وزیر داخلہ نے کہا کہ رینجرز کے اہلکاروں نے اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر کراچی میں امن وامان بحال کیا اور ان کی کوششوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں رینجرز کی تعیناتی اور کراچی آپریشن تمام فریقین کی مشاورت کے ساتھ شروع کیا گیا تھا۔