وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ وزیراعظم یوتھ بزنس لون سکیم کے تحت سولہ ہزار121 قرضے منظور کیے گئے ہیں۔

حکومت نے اقتصادی استحکام کیلئے دانشمندانہ اقدامات کیے ہیں: زاہد حامد
19 جولائی 2016 (10:39)
0

وزیر قانون زاہد حامدنے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ نون کی حکومت نے اقتصادی استحکام اور غربت کے خاتمے جیسے بحرانوں سے نمٹنے کیلئے دانشمندانہ اقدامات کیے ہیں۔انہوں نے یہ بات سینیٹ میں سینیٹرسید طاہر حسین مشہدی کی طرف سے پیش کی گئی ایک تحریک کا جواب دیتے ہوئے کہی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے استفادہ کرنے والے خاندانوں کی تعداد 37 لاکھ سے بڑھ کر 53 لاکھ ہوگئی ہے انہوں نے کہا کہ اب تک مستحقین کے درمیان چارسو گیارہ ارب روپے تقسیم کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا2013 ء میں نقد معاوضہ ایک ہزار روپے مہینہ تھا جو اب 1566 روپے کر دیا گیا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ بزنس لون سکیم کے تحت سولہ ہزار121 قرضے منظور کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا پسماندہ علاقوں کیلئے وزیراعظم فیس واپس پروگرام کے تحت 42 ہزار طلباء کو فیس واپس کی گئی ہے۔
انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزیر مملکت انوشہ رحمن نے ایوان کو بتایا کہ ملک کے ایک سو آبادی والے ہر گائوں میں 2018 ء تک انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ملک کے مختلف حصوں کے 1200 دیہات میں کام شروع کر دیا گیا ہے۔
ایوان کا اجلاس اب آج سہ پہر تین بجے ہوگا۔