وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا ہے کہ پرامن ہمسائیگی سے متعلق وزیراعظم کا تصور مخلصانہ اور حقیقی جذبات پر مبنی ہے جس پر بھارت نے مثبت ردعمل کا مظاہرہ نہیں کیا۔

پاکستان مستبقل میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کومزید اجاگر کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے گا :فاطمی
19 جولائی 2016 (09:43)
0

امور خارجہ کے بارے میں وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کومزید اجاگر کرنے کیلئے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں متعدد فیصلے کیے گئے ہیں۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ذرائع ابلاغ کے علاوہ سول سوسائٹی کے نمائندوں اور وفود کودنیابھر میں بھیج کرمسئلہ کشمیر کو اجاگر کیاجائے گا تاکہ لوگوں میں اس کے بارے میں آگاہی پیدا کی جاسکے۔
طارق فاطمی نے کہا کہ پرامن ہمسائیگی سے متعلق وزیراعظم کا تصور مخلصانہ اور حقیقی جذبات پر مبنی ہے جس پر بھارت نے مثبت ردعمل کا مظاہرہ نہیں کیا۔
معاون خصوصی نے کہا کہ بین الاقوامی ذرائع ابلاغ بھی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو اجاگر کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیریوں کے منصفانہ حق خودارادیت کی اخلاقی اور سفارتی حمایت کررہے ہیں۔
ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں دیرپا امن چاہتا ہے اور اس نے اس سلسلے میں مخلصانہ کوششیں کی ہیں۔معاون خصوصی نے کہا کہ اچھے اور برے طالبان کے درمیان کوئی امتیاز نہیں ہے اور پاکستان ہر عسکریت پسند اور دہشت گرد کے خلاف کارروائی کررہا ہے۔