نوازشریف نے کہا کہ پرامن ہمسائیگی حکومت کی پہلی ترجیح ہے۔

 پاکستان کا د نیامیں پائیدار امن کیلئے اقوام متحدہ کے اقدامات کی مکمل حمایت کا اعادہ
19 جنوری 2017 (19:49)
0

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوتریز سے جمعرات کے روز ڈیووس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان دنیا میں پائیدار امن کے لئے اقوام متحدہ کے اقدامات کی بھرپور حمایت کرتاہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کے لئے پرعزم ہے انہوں نے کہا کہ پرامن ہمسائیگی حکومت کی پہلی ترجیح ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان نے کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل کے حل کے لئے بھارت کومذاکرات کی دعوت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کا جواب نہیں دیا، انہوں نے1960 ء میں دونوں ملکوں کے درمیان دستخط کردہ سندھ طاس معاہدے میں بھارت کی خلاف ورزیوں کو بھی اجاگر کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لئے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشمیر کے اہم مسئلے سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل کا حل ناگزیر ہے۔
نوازشریف نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے کشمیریوں کے ساتھ کیے گئے وعدے ابھی تک پورے نہیں کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا مناسب کردار اداکرنا چاہیے۔
نوازشریف نے انٹونیو گوتریز کو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور انہیں پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔