وفاقی وزیر نے ملک کو ایشین ٹائیگر بنانے کے لئے منصوبے پر مکمل لگن کے ساتھ کام کرنے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔

اقتصادی راہداری کیخلاف سازشوں کو ہر فورم پر ناکام بنایا جائیگا:احسن
19 جنوری 2017 (19:28)
0

منصوبہ بندی کے وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے خلاف جاری سازشوں کوہر فورم پر ناکام بنادیا جائے گا۔
انہوں نے جمعرات کے روز اسلام آباد میں اقتصادی راہداری کے بارے میں مشترکہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس بڑے منصوبے پر عملدرآمد کے لئے تمام صوبوں ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کواعتماد میں لیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر نے ملک کو ایشین ٹائیگر بنانے کے لئے منصوبے پر مکمل لگن کے ساتھ کام کرنے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری ملک کی صنعتی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔ سیمنٹ، سٹیل، تعمیرات اور مشینری کی صنعت کو فروغ دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہزاروں کی تعداد میں ہنرمند اور نیم ہنرمند افرادی قوت اقتصادی راہداری منصوبے پر کام کر رہی ہے۔
وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری سے عوام اور پورے خطے کی تقدیر بدل جائے گی اور خطے کے عوام اس سے مستفید ہوں گے۔
احسن اقبال نے کہا کہ صوبوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے مجوزہ خصوصی اقتصادی زونز کے قابل عمل ہونے کی جائزہ رپورٹ کو مارچ تک حتمی شکل دیں جس کے بارے میں چینی حکام کو آگاہ کیا جائے گا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ خصوصی اقتصادی زون دو ہزار سترہ اٹھارہ تک فعال ہوں گے اور ان سے ملک میں اقتصادی سرگرمیوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔