دونوں رہنمائوں نے تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے پرزور دیا

پاکستان ، ناروے دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق
19 جنوری 2017 (17:41)
0

پاکستان اور ناروے نے دوطرفہ تعلقات کومزید فروغ دینے کے لئے تجارت ، سرمایہ کاری اور ترقیاتی شعبوں پرخصوصی توجہ دینے پر اتفاق کیا ہے۔یہ اتفاق رائے ڈیووس میں عالمی اقتصاد ی فورم کے سالانہ اجلاس کے موقع پر وزیراعظم نوا ز شریف اور ناروے کی وزیراعظمErna Stolberg کے درمیان ملاقات میں ہوا۔
نواز شریف نے ناروے کی وزیراعظم کو بتایا کہ ان کی حکومت امداد کے بجائے تجارتی اور اقتصادی تعاون پر توجہ دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ناروے سرمایہ کاری، تجارت اور ترقیاتی تعاون میں پاکستان کا مضبوط شراکت دار رہا ہے۔دونوں رہنمائوں نے تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے پرزور دیا۔
ناروے کی وزیراعظم نے کہا کہ ان کا ملک پہلے ہی پاکستان میں سرمایہ کاری کررہا ہے انہوں نے پاکستان میں تجارتی امکانات کو مکمل طور پر بروئے کار لانے کی خواہش ظاہر کی۔انہوں نے پاکستان کی اقتصادی بحالی اور دہشت گردی اور انتہا پسندی پر کامیابی سے قابو پانے کی تعریف کی۔