مشیرخارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ محکوم مسلمانوں کی حمایت کی ہے اور کشمیر ، فلسطین اور دنیا کے کسی بھی حصے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مسلسل آواز بلند کی ہے۔

 روہنگیا کے مسلمانوں کی حالت زار عالمی برادری کے ضمیر کے لئے ایک بڑا چیلنج ہے:سرتاج عزیز
19 جنوری 2017 (16:07)
0

خارجہ امور کے بارے میں وزیراعظم کے مشیر سرتاج عزیز نے مسلم امہ پر زور دیا ہے کہ وہ روہنگیا کے مسلمانوں پر مشکل کی اس گھڑی میں ان کی مدد کے لئے فعال کردار ادا کرے۔
وہ آج کوالالمپور ملائیشیا میں روہنگیا مسلمانوں کی حالت زار کے بارے میں اسلامی تعاون تنظیم کے وزراء خارجہ کی کونسل کے غیرمعمولی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔
سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ محکوم مسلمانوں کی حمایت کی ہے اور کشمیر ، فلسطین اور دنیا کے کسی بھی حصے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مسلسل آواز بلند کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نام خط میں روہنگیا مسلمانوں کو ان کے حقوق دینے اور انہیں ریلیف فراہم کرنے کے لئے میانمر حکومت پر سفارتی اور اخلاقی دباؤ بڑھانے پر زور دیا ہے۔

سرتاج عزیز نے اس بات پر زور دیا کہ روہنگیا مسلمانوں کی حالت زار عالمی برادری کے ضمیرکو جھنجھوڑنے کیلئے ایک بڑا چیلنج ہے۔انہوں نے عوام کی فلاح وبہبود کیلئے کوفی عنان فاونڈیشن کے تعاون سے میانمار کی حکومت سے رکھائین صوبے کے بارے میں مشاورتی کمیشن کو قیام کو سراہا۔