نفیس ذکریا نے کہا کہ ہم نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ محاذآرائی اور دہشتگردی کے بجائے مذاکرات کو راستہ اختیار کرے۔

بھارت کے پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث ہونے کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں: دفتر خارجہ
19 جنوری 2017 (14:48)
0

دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت کے پاکستان میں تخریبی سرگرمیوں اور دہشتگردی میں ملوث ہونے کے ناقابل تردیداور ٹھوس ثبوت موجود ہیں ۔آج اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار بریفنگ میں دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان دہشت گردی خصوصاً بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا شکار ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں راء کے ایجنٹ کلبھوشن یادیو کا اعترافی بیان موجود ہے۔
نفیس ذکریا نے کہا کہ امریکہ کے سابق وزیر دفاع چک ہیگل نے کہا تھا کہ بھارت افغانستان کے ذریعے پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ اسی طرح پاکستان میں دہشت گردی کے بارے میں بھارت کے سرکردہ رہنماؤں کے بیانات بھی موجود ہیں ۔ترجمان نے کہا کہ کسی بھی ملک نے  دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستان سے زیادہ اقدامات نہیں کئے۔انہوں نے کہا کہ سب نے پاکستانی کامیابیوں کا اعتراف کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ محاذآرائی اور دہشتگردی کے بجائے مذاکرات کو راستہ اختیار کرے۔انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بھارت نے کشمیر کے بنیادی مسئلے سمیت تمام دیرینہ تنازعات کے حل کیلئے بات چیت سے راہ فرار اختیار کی ہے۔ترجمان نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات معمول پر لانے اور خطے میں امن اور ترقی کیلئے کشمیر کے مسئلے کا منصفانہ حل ناگزیر ہے۔