اقتصادی راہداری کے تمام منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے:احسن
19 جنوری 2017 (11:17)
0

منصوبہ بندی اور ترقی کے وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تمام منصوبوں میں زیادہ سے زیادہ شفافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔آج اسلام آباد میں چین پاکستان اقتصادی راہداری کے بارے میں چھٹی مشترکہ تعاون کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بعض عناصر ان منصوبوں کے بارے میں ابہام پیدا کر کے پاکستان کی ترقی کے عمل کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک کی قومی قیادت نے تمام صوبوں ، آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کو اعتماد میں لیتے ہوئے تمام سازشوں کو ناکام بنا دیا ہے۔
بعد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری سے پاکستان میں صنعتوں اور کاروبار کو فروغ دینے میں مدد ملے گی وفاقی وزیر نے اس تاثر کو مسترد کر دیا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبوں کے لئے چین اپنی افرادی قوت لائے گا۔انہوں نے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ راہداری کی کامیاب تکمیل کیلئے متحد ہو جائیں جس سے نہ صرف پاکستان اور چین کی بلکہ پورے خطے کی تقدیر بدل جائے گی