وزیر مملکت پانی وبجلی نے ایوان کو بتایا کہ حکومت اس منصوبے کی بروقت تکمیل پر توجہ دے رہی ہے۔

 نیلم جہلم پن بجلی منصوبےسےمارچ2017 تک پیداوارشروع ہوجائیگی:عابدشیرعلی
19 فروری 2016 (14:11)
0

قومی اسمبلی کو آج بتایا گیا کہ نیلم جہلم پن بجلی منصوبے سے اگلے سال مارچ تک بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی۔وقفہ سوالات کےدوران پانی وبجلی کے وزیرمملکت عابدشیرعلی نے ایوان کوبتایاکہ حکومت اس منصوبے کی بروقت تکمیل پر توجہ دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ دیامر بھاشا ڈیم کیلئے اراضی کے حصول کا عمل جاری ہے۔

عابد شیر علی نے کہا کہ پٹن پن بجلی منصوبہ ایک ہزار نوسوتینتالیس ایکڑ اراضی پر تعمیر کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اکھوڑی ڈیم پر کام سندھ اورخیبرپختونخواء میں اتفاق رائےکےبعد شروع کیاجائےگا۔نیشنل ہیلتھ سروسزکےپارلیمانی سیکرٹری ڈاکٹردرشن نےکہاکہ اسلام آباد کےنجی ہسپتالوں اورڈاکٹروں کی فیس باضابطہ بنانے کیلئےفیڈرل ہیلتھ ریگولیٹری اتھارٹی قائم کی جا رہی ہے۔

نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ کے پارلیمانی سیکرٹری رجب علی بلوچ نے ایوان کو بتایا کہ ملک میں زرعی اصلاحات متعارف کرانے کیلئے حکومت کسی تجویز پر غور نہیں کر رہی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس خوراک کے وافر ذخائر موجود ہیں ۔
ایک سوال کے جواب میں عابد شیر علی نے کہا کہ حکومت توانائی کے متعدد منصوبوں پر کام کر رہی ہے اور دو ہزار اٹھارہ کے اختتام تک ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان میں سے چھتیس سو میگاواٹ کے منصوبے ایل این جی پر مبنی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے بہتر انتظامات کے باعث لوڈشیڈنگ ماضی کے اٹھارہ گھنٹوں کے مقابلے میں کم ہو کر چھ گھنٹے ہو گئی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت کوئلے سے چلنے والے توانائی کے منصوبوں کیلئے ماحولیاتی اثرات کا جائزہ لیا ہے اور ان منصوبوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق شروع کیاجائے گا۔

ایوان کا اجلاس پیر کو تیسرے پہر تک ملتوی کر دیا گیاہے۔