نوازشریف نے کہا کہ بھکی بجلی منصوبہ کی ریکارڈ مدت میں تکمیل نئے دور کا آغاز ہے۔

19 اپریل 2017 (18:09)
0

وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ بھکی بجلی منصوبہ اٹھارہ ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا ہے۔
انہوں نے یہ بات آج شیخوپورہ میں مائع قدرتی گیس سے چلنے والے گیارہ سو اسی میگاواٹ پیداواری صلاحیت کے حامل بھکی بجلی گھر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ بلوکی بجلی گھر چوراسی ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہو جائے گا اور اس سے باون ارب روپے کی بچت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ حویلی بہادر شاہ منصوبہ نوے ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہوگا اور اس سے انچاس ارب روپے کی بچت ہوگی۔
وزیراعظم نے کہا کہ بجلی منصوبوں کی تیزی سے تکمیل کے باعث آئندہ سال جون تک مجموعی طور پر آٹھ ہزار نوسو چھیالیس میگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہر ماہ بجلی کے نئے منصوبوں کا افتتاح کیا جارہا ہے جس سے توانائی بحران میں کمی آئے گی انہوں نے کہا کہ چھ سو ساٹھ میگاواٹ کا ساہیوال کا کوئلے سے چلنے والا بجلی گھر اس سال جون تک پیداوار شروع کر دے گا ، چھ سو ساٹھ میگاواٹ کے پورٹ قاسم بجلی منصوبے سے بھی اس سال کے آخر تک پیداوار شروع ہو جائے گی۔
نواز شریف نے کہاکہ آئندہ سال فروری میں تربیلا فور پن بجلی منصوبے سے چودہ سو دس میگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل کی جائے گی جبکہ بھاشا اور داسو بجلی منصوبے دوہزار اٹھارہ کے بعد مکمل ہو جائیں گے۔
وزیراعظم نے ملک میں توانائی منصوبوں کی جلد تکمیل کے لئے تعاون کرنے پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ لاہور کراچی موٹروے پر کام تیزی سے مکمل کیا جارہا ہے جبکہ کراچی حیدر آباد سیکشن اس سال اور لاہور ملتان سیکشن آئندہ سال تک مکمل ہو جائیں گے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ایک نیا ہوائی اڈہ بھی تیزی سے زیر تکمیل ہے۔


comments powered by Disqus