وزیر پانی وبجلی نے کہاہے کہ بجلی کی ترسیل کی صورتحال میں کل سے بتدریج بہتری آنا شروع ہوجائے گی۔

بجلی بحران پراگلے8 سے10 دن میں قابو پالیا جائے گا:خواجہ آصف
19 اپریل 2017 (14:42)
0

پانی و بجلی کے وزیر خواجہ آصف نے اعلان کیا ہے کہ بجلی کے موجودہ بحران پراگلے آٹھ سے دس دن میں قابو پالیا جائے گا ۔طویل لوڈشیڈنگ کے بارے میں آج قومی اسمبلی میں ایک توجہ دلائو نوٹس کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بجلی کی ترسیل کی صورتحال میں کل سے بتدریج بہتری آنا شروع ہوجائے گی۔

خواجہ آصف نے کہاکہ دوہزار دو سو میگاواٹ کے بجلی گھر مرمت کے لئے بند ہیں۔انہوں نے کہاکہ یکم مئی کے بعد غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ شیخوپورہ میں ایک بجلی گھر کا آج افتتاح کیا جارہا ہے جس سے سات سو ساٹھ میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں بجلی کی طلب اوررسد میں فرق پانچ ہزار دو سو میگاواٹ ہے جبکہ رواں سال کے آخر تک چھ ہزار چار سو میگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل کی جائے گی۔
وقفہ سوالات کے دوران مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے ایوان کو بتایا کہ بیرون ملک ہمارے سفارتی مشن پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کیلئے بدستور سرگرم ہیں۔
انہوں نے کہاکہ دہشت گردوں کیخلاف آپریشن ضرب عضب کی صورت میں جامع اوربھرپور کارروائی کے انتہائی مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پرتشدد انتہا پسندی سے نمٹنے کیلئے قومی بیانیہ وضع کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں۔

ایک سوال پر وزیر تجارت خرم دستگیر نے ایوان کو بتایا کہ چاول کی برآمد میں اضافہ ہورہا ہے اورپاکستانی چاول کے لئے نئی منڈیاں تلاش کرنے کی کوشش کی جارہی ہیں۔
ریاستوں اور سرحدی علاقوں کی پارلیمانی سیکرٹری شاہین شفیق نے ایوان کو بتایا کہ قبائلی علاقوں میں دہشت گردی سے متاثرہ افرا د میں معاوضے کے طورپر پانچ ارب بیس کروڑ روپے سے زائد رقم تقسیم کی گئی ہے۔