Thursday, 28 March 2024, 11:25:00 pm
نیب خودمختارادارہ،قانو ن کےمطابق کام کررہاہے:مراد سعید
September 19, 2019

مواصلات کےوزیر مراد سعید نے کہاہے کہ قومی احتساب بیورو خود مختار ادارہ ہے جو اپنے قانون کے مطابق کام کررہا ہے۔

 وہ جمعرات کے روز حزب اختلاف کے ارکان کی جانب سے نیب کی طرف سے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کی گرفتاری کی مذمت کئے جانے کے بعد قومی اسمبلی میں اظہارخیال کررہے تھے۔

 وفاقی وزیر نے یاد دلایا کہ سابق حکومت نےنیب کے چیئرمین کی تقرری پیپلز پارٹی کی مشاورت سے کی تھی۔

وزیر مواصلات نے کہا کہ حزب اختلاف کی جماعتوں کو اپنے رہنماوں کی گرفتاری پر شور مچانے کے بجائے کشمیر کے عوام کے حقوق کےلئے آواز اٹھانی چاہیے۔

 انہوں نے کہاکہ ہمیں یہ پیغام دینا چاہیے کہ پورا پاکستان اور پارلیمنٹ اپنے کشمیریوں بھائیوں کے شانہ بشانہ ہے۔

مراد سعید نےکہاکہ پاکستان نے پہلی بار بھارت کا فسطائی چہرہ عالمی سطح پر بے نقاب کیا ہے اور آج دنیا کشمیر کے مسئلے پر پاکستان کے موقف کی حمایت کررہی ہے۔

 مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پرتحفظات کا اظہار کرتے ہوئے وزیر مواصلات نے کہاکہ کشمیری عوام کو ادویات ،کھانےپینے اور دوسری ضروری اشیا کی قلت کا سامنا ہے۔

 اس سے قبل پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نون کے رہنماوں نے خورشید شاہ کی گرفتاری پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی جمہوریت اور پارلیمنٹ کے تقدس کے تحفظ کےلئے کام کرنا تمام سیاسی جماعتوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ خورشید شاہ کے پروڈکشن آرڈر جاری کئے جانے کے بعد انہیں ایوان میں وضاحت کرنے کی اجازت دی جانی چاہیے۔

 ایوان کاا جلاس غیر معینہ مدت کےلئے ملتوی کردیا گیا ہے۔

Error
Whoops, looks like something went wrong.