Friday, 19 April 2024, 08:19:09 pm
پاکستان، افغانستان کے تعلقات مثبت سمت میں گامزن ہیں،مشیر افغان صدر
July 19, 2019

قومی سلامتی کے بارے میں افغان صدر کےمشیر سرور احمد زئی نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات مثبت سمت کی جانب گامزن ہیں۔ انہوں نے آج اسلام آباد میں ریاستوں اور سرحدی علاقوں کے وزیر شہریار آفریدی کے ہمراہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فضائی حدود دوبارہ کھولنے پر پاکستان کی تعریف کی۔افغان مشیر نے کہا کہ انہوں نے پاکستان میں پناہ گزینوں کے دو کیمپوں کا دورہ کیا اور وہاں کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے پناہ گزینوں کے حوالے سے پاکستانی حکام کے طرزعمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ افغان پناہ گزین بھی انہیں ملنے والی سہولتوں سے مطمئن ہیں۔افغان مشیر نے کہا کہ پاکستان ان پناہ گزینوں کی اپنے آبائی ملک فوری اور باوقار واپسی چاہتا ہے۔ عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے میچ کے دوران افغان شائقین کے پاکستانی شائقین پر حملے کے واقعہ سے متعلق افغان مشیر نے کہا کہ افغان کھلاڑیوں نے پاکستان سے کرکٹ سیکھی۔انہوں نے کہا کہ واقعے میں دو یا تین افغان باشندوں کا ملوث ہونا افغان حکام یا پناہ گزینوں کی امنگوں کی نمائندگی نہیں کرتا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ بعض عناصر پاکستان اور افغانستان کے تعلقات میں بگاڑ پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ افغان مشیر نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ جاری افغان عمل افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے مفید ثابت ہوگا۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے شہریار آفریدی نے کہا کہ پاکستان افغانستان امن عمل میں سہولت کار کا کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن کا خواہاں ہے کیونکہ یہ پورے خطے کے مفاد میں ہے۔

 

Error
Whoops, looks like something went wrong.