Wednesday, 11 December 2019, 07:24:13 am
دورہ امریکہ،وزیراعظم امریکی قیادت کیساتھ مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے،قریشی
July 19, 2019

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اپنے دورہ امریکہ کے دوران امریکی قیادت کے ساتھ بہت سے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کریںگے۔انہوں نے واشنگٹن میں وزیراعظم عمران خان کے آئندہ دورہ امریکہ کے بارے میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دورے میں فوجی قیادت بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوگی۔انہوں نے کہاکہ صدرڈونلڈٹرمپ وائٹ ہائوس میں وزیراعظم عمران خان کا استقبال کرینگے۔صدر ٹرمپ اور وزیراعظم عمران خان کے درمیان دو ملاقاتیں ہونگی۔وزیرخارجہ نے کہا کہ وزیراعظم آئی ایم ایف اورعالمی بنک کے نمائندوں کے ساتھ ملاقاتوں کے علاوہ امریکہ میں پاکستانی برادری سے بھی خطاب کریںگے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعطم امریکی ایوان نمائندگان کی سپیکر نینسی پلوسی سے بھی ملاقات کرینگے۔وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ پانچ برس کے وقفے کے بعد سربراہ اجلاس منعقد کررہے ہیں اور وزیراعظم عمران خان کا دورہ پاک امریکہ تعلقات بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے سلامتی سے متعلق اہداف کے حصول میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور مختلف فوجی کارروائیوں کے ذریعے کئی علاقے دہشتگردوں سے خالی کرائے ہیں۔وزیرخارجہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اپنے دورہ امریکہ کے دوران کمرشل پروازوں کے زریعے سفر کریںگے۔