Thursday, 25 April 2024, 12:42:15 pm
وزیر خارجہ کا پاک ،یو اے ای دوطرفہ قریبی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر زور
April 19, 2021

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان قریبی دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور انہیں فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔انہوں نے یہ بات پیر کے روز ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے رواداری اور بقائے باہمی کے وزیر اور ایکسپو 2020ء دبئی کے کمشنر جنرل نہیان مبارک النہیان سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔وزیر خارجہ نے خصوصاً سرمایہ کاری، سیاحت اور متعلقہ بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے اور دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان میل جول کے بندھن کو مزید مستحکم کرنے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔دونوں وزراء نے اسلام اور اسلامی معاشرے کے حقیقی تشخص کو پیش کرنے میں رواداری اور بقائے باہمی کی اہمیت پر بھی بات چیت کی۔شاہ محمود قریشی نے دونوں ملکوں کی ترقی میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مثبت کردار کو اجاگر کیا۔وزیر خارجہ نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے مثبت سوچ رکھنے پر متحدہ عرب امارات کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے شیخ نہیان کو پاکستانی برادری کو خصوصاً ویزے پر پابندیوں سے متعلق درپیش مسائل کے بارے میں بتایا۔انہوں نے ان کے مسائل جلد حل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔شیخ نیہان نے متحدہ عرب امارات کی ترقی میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مثبت کردار کو سراہا اور دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان روابط مستحکم کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔دونوں وزراء نے دبئی میں ہونیوالی نمائش 2020ء پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خطے میں اپنی نوعیت کی اس بڑی نمائش کو سراہتے ہوئے نمائش میں پاکستانی پویلین قائم کرنے میں متحدہ عرب امارات کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔

Error
Whoops, looks like something went wrong.