Saturday, 22 February 2020, 05:23:55 am
حکومتی اقدامات کی بدولت گندم ،آٹے کی قیمتوں اورمصنوعی قلت میں بہت جلد کمی ہوگی،خسرو
January 19, 2020

قومی تحفظ خوراک کے وزیر خسرو بختیار نے کہا ہے کہ حکومت کے موثر اقدامات کی بدولت گندم اور آٹے کی قیمتوں اورمصنوعی قلت میں بہت جلد کمی ہوگی۔ اتوار کی شام اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت ملک میں گندم اور آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پرقابوپانے کیلئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے ۔وفاقی وزیر نے یقین دلایاکہ ملک سے آٹے کی سمگلنگ روکنے کیلئے موثر اقدامات کیے جارہے ہیں اور چمن سرحد سے چالیس ہزار ٹن گندم کی افغانستان سمگلنگ روکی گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے چالیس کلوگرام گندم کی قیمت تیرہ سو پینسٹھ روپے مقرر کی ہے ۔خسروبختیار نے کہاکہ صوبہ سندھ میں صوبے کی اپنی پالیسیوں اور پاسکو کی طرف سے فراہم کی گئی کھیپ کی بروقت خریداری میں ناکامی کی وجہ سے صوبے کو آٹے کی قلت کا سامنا ہے ۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ روز نوہزار ٹن گندم کراچی بھیجی گئی ہے اور حکومت صوبہ سندھ کو ایک لاکھ ٹن اضافی آٹے کی فراہمی کیلئے تیار ہے ۔وفاقی وزیر نے کہاکہ صوبہ خیبرپختونخوا کو چارہزار سے پانچ ہزار ٹن اضافی گندم فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ پنجاب میں گندم کی وافر ذخیرہ ہے اس لیئے اس صوبے میں گندم کی قلت نہیں ہے۔