وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ دوطرفہ تجارت میں اضافہ دونوں ملکوں کے عوام کے بہترین مفاد میں ہے۔

اقتصادی تعاون فروغ:پاکستان،امریکہ کیساتھ تعلقات مزیدمستحکم کرنیکا خواہاں
18 اکتوبر 2016 (20:11)
0

امریکہ کے تجارتی نمائندہ سفیر مائیکل فرومین سے منگل کے روزاسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اقتصادی تعاون میں اضافے کیلئے امریکہ کے ساتھ شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کا بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور دونوں ملکوں کو تجارت میں اضافے کیلئے نئے مواقع تلاش کرنے چاہئیں۔
نواز شریف نے کہا کہ دوطرفہ تجارت میں اضافہ دونوں ملکوں کے عوام کے بہترین مفاد میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے حقوق دانش کے تحفظ کیلئے موثر اقدامات کئے ہیں۔
نواز شریف نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی غیر ملکی سرمایہ کار ی سے پتہ چلتا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع میں اضافہ ہورہا ہے۔
مائیکل فرومین نے کہا کہ پاکستان میں امن وامان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے جس سے غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے دوستانہ ماحول فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی پائیدار پالیسیوں سے معیشت بہتر ہورہی ہے۔