وزیراعظم کا آزاد کشمیر کو سرسبز وشاداب پاکستان منصوبے میں شامل کرنے پر وفاقی حکومت سے اظہار تشکر۔

خطے کی قدرتی خوبصورتی کے تحفظ کیلئے بھرپور اقدامات کررہے ہیں:راجہ فاروق
18 اکتوبر 2016 (19:26)
0

آزاد جموں وکشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ حکومت آزاد جموں وکشمیر کی قدرتی خوبصورتی کے تحفظ کیلئے بھرپور اقدامات کررہی ہے۔

منگل کے روز اسلام آباد میں ماحولیاتی تبدیلی کے وفاقی وزیر زاہد حامد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کو صحت مند ماحول کی فراہمی کیلئے طویل المدت منصوبہ بنایا جارہا ہے۔
آزاد کشمیر کے وزیراعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر میں جنگلات کے کٹائو کی روک تھام اور ماحول دوست سرگرمیوں کے فروغ کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔
انہوں نے آزاد کشمیر کو سرسبز وشاداب پاکستان منصوبے میں شامل کرنے پر وفاقی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ماحولیاتی تبدیلی کے وفاقی وزیر زاہد حامد نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ہمیشہ ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق منصوبوں میں آزادکشمیر کو شامل کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے پاکستان اور آزاد کشمیر میں شجرکاری اور ماحول دوست سرگرمیوں کے دیگر منصوبوں کیلئے دو ارب روپے مختص کئے ہیں۔