نوازشریف نے یہ بات مسلم لیگ(ن) کا بلامقابلہ صدر منتخب ہونے کے بعد جنرل کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

 پاکستان کا شمار دنیا کی تیزی سے ابھرتی ہوئی معیشتوں میں ہوتا ہے:وزیراعظم
18 اکتوبر 2016 (17:35)
0

وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں کی بدولت آج کا پاکستان 2013 کے مقابلے میں کہیں زیادہ بہتر ہے۔وہ اسلام آباد میں پارٹی کے صدر کے طور پر اپنے بلامقابلہ انتخاب کے بعد مسلم لیگ ن کی جنرل کونسل سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعظم نے ان کی قیادت پر دوبارہ اعتماد کا اظہار کرنے پر پارٹی رہنماؤں اورارکان کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ وہ پارٹی اور عوام کی امنگوں اور توقعات پر پورا اترنے کی ہرممکن کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بعض سیاسی مسخروں کی طرف سے رکاوٹیں ڈالنے کے باوجود حکومت عوام کی خدمت جاری رکھے گی۔


نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ ن دوہزار اٹھارہ کے انتخابات کے بعد اپنی کارکردگی کی بنیاد پر خیبرپختونخواء میں حکومت قائم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کا شمار دنیا کی تیزی سے ابھرتی ہوئی معیشتوں میں ہوتا ہے ۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج دنیا کی پانچ بہترین مارکیٹوں میں شامل ہے۔ غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر چوبیس ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے ہیں اور افراط زر میں دوہزار تیرہ کے مقابلے میں کمی ہوئی ہے۔نواز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ توانائی کے متعدد منصوبوں پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے اور دو ہزار اٹھارہ تک بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم ہو جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ہوا ، پانی ، شمسی اور ایٹمی بجلی سمیت توانائی کے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور دو ہزار اٹھارہ تک دس ہزار میگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل کر دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اگلے چند سال میں مزید تیس ہزار میگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل ہو جائے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کے اقدامات اور آپریشن ضرب عضب کے باعث ملک میں امن وامان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملک کے طول وعرض میں موٹرویز اور ہائی ویز کے متعدد منصوبے شروع کئے ہیں۔ کراچی لاہور موٹروے زیر تعمیر ہے اور اگلے دو سال میں اسے لاہور سے ملتان اور ملتان سے سکھر تک توسیع دی جائے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں ریلوے کا نظام بہتر بنانے کیلئے پانچ ارب پچاس کروڑ ڈالر خرچ کئے جا رہے ہیں جس سے ریل گاڑیوں کی 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی موجودہ رفتار سے ایک سو ساٹھ کلومیٹر فی گھنٹہ بڑھانے میں مدد ملے گی۔
ملک گیر ترقیاتی پروگرام کے تحت پینے کے صاف پانی ، نکاسی آب ، صحت اور تعلیم کے منصوبے مکمل کئے جائیں گے جن کا مقصد عوام کا معیار زندگی بہتر بنانا ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ عوام کو علاج معالجے کی بہتر سہولت فراہم کرنے کیلئے ملک بھر میں پینتالیس جدید ہسپتال قائم کئے جائیں گے۔