اجلاس میں پیش کی گئی قرارداد میں مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستان حق خودارادیت کیلئے منصفانہ جدوجہد میں کشمیری عوام کی اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

مسلم لیگ(ن) کی مرکزی کونسل کاوزیراعظم کی قیادت پر اعتماد کا اظہار
18 اکتوبر 2016 (21:17)
0

پاکستان مسلم لیگ نواز کی مرکزی کونسل کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں وزیراعظم نواز شریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے۔اجلاس میں پیش کی گئی قرارداد میں کہا گیا کہ تمام معاملات کو اتفاق رائے سے حل کرنے کیلئے مذاکرات کا راستہ اختیار کیا جانا چاہئے۔
قرارداد میں گزشتہ تین سال کے دوران ملک کی اقتصادی کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ قرارداد میں کہا گیا کہ حالیہ ضمنی انتخابات اور آزادجموں وکشمیر اور گلگت بلتستان کے انتخابات میں مسلم لیگ ن کی کامیابی پارٹی قیادت اور اسکی پالیسیوں پر عوام کے اعتماد کا مظہر ہے۔
قرارداد میں مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستان حق خودارادیت کے لئے منصفانہ جدوجہد میں کشمیری عوام کی اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
قرارداد میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے فورم پر کشمیری عوام کی امنگوں کی صحیح معنوں میں ترجمانی کرنے پر وزیراعظم کی تعریف کی گئی۔قرارداد میں کہا گیا کہ خطے میں پائیدار امن واستحکام کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے
کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے قرارداد میں کہا گیا کہ ملک کی مسلح افواج کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب کی صلاحیت رکھتی ہیں اور اس کیلئے تیار ہیں۔قرارداد میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکورٹی فورسز کی قربانیوں کو بھی سراہا گیا

پارٹی کے نئے منتخب سیکرٹری اطلاعات مشاہد اﷲ خان کی طرف سے پیش کی گئی ایک اور قرارداد میں کہا گیا کہ پوری قوم ملک کے دفاع کیلئے مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہے قرارداد میں سیکورٹی فورسز کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا گیا کہ مسلح افواج ملک کے دفاع کے حوالے سے اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرتی رہیں گی
ایک اور قرارداد میں پارٹی نے پاکستان مسلم لیگ ن کی مسلسل حمایت اور 2013 کے انتخابات میں اسے تیسری بار منتخب کرنے پر پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کیا گیا۔
قرارداد میں اس اعتماد کا بھی اظہار کیا کیا کہ عوام کھوکھلے نعروں اور احتجاج کی سیاست کو مسترد کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کی قیادت اور پالیسیوں پر اعتماد کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

 اجلاس میں وزیراعظم نواز شریف کو بلامقابلہ پارٹی کا صدر منتخب کیا گیا۔سرتاج عزیز ، سرانجام خان ، سکندر حیات ، نوابزادہ چنگیز مری ، امداد حسین چانڈیو ، یعقوب ناصر پارٹی کے بلامقابلہ نائب صدور منتخب ہو گئے ہیں۔اسی طرح پرویز رشید بلامقابلہ پارٹی کے سیکرٹری خزانہ ، مشاہداﷲ خان سیکرٹری اطلاعات منتخب ہو گئے ہیں۔