طارق فاطمی نے کہا کہ ملکی معیشت میں مثبت رجحانات کے ساتھ پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے مثالی ملک ہے۔

وزیراعظم کے دورہ امریکہ سے دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط ہونگے:فاطمی
18 اکتوبر 2015 (13:12)
0

خارجہ امور کے بارے میں معاون خصوصی طارق فاطمی نے امید ظاہر کی ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کے آئندہ دورہ امریکہ سے دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط ہونگے۔

ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ امریکی حکام کے ساتھ بات چیت کے ایجنڈے میں تجارت، معیشت، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبے شامل ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ امریکی منڈیوں تک رسائی کا بھی خواہاں ہے۔ انہوں نے امریکی کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں۔

طارق فاطمی نے کہا کہ ملکی معیشت میں مثبت رجحانات کے ساتھ پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے مثالی ملک ہے۔  انہوں نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کے قیام کیلئے پاکستان کے اہم کردار کا اعتراف کیا جارہا ہے۔ وزیراعظم کی رہنمائی میں پاکستان ایک متوازن خارجہ پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

ایک سوال پر طارق فاطمی نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ پرامن ہمسائیگی کا خواہاں رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک افغان فوج داخلی صورتحال پر پوری طرح قابو پانے کی صلاحیت حاصل نہیں کرلیتی اس وقت تک امریکی فوج کے افغانستان سے انخلاء کے منفی اثرات مرتب ہوں گے۔