وزیر اطلاعات نے کہا کہ تحریک انصاف کی قیادت نے بے بنیاد الزامات پر قوم کے اڑھائی برس ضائع کر دئیے۔

اقتصادی مسائل پر قابو پالیا،نتائج سامنے آ رہے ہیں:پرویز رشید
18 اکتوبر 2015 (17:17)
0

وزیراطلاعات پرویز رشید نے عمران خان سے کہا ہے کہ وہ ملک کی سماجی واقتصادی ترقی اور استحکام کیلئے حکومت کا ساتھ دیں۔
اتوار کے روز لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ذاتی اختلافات کو پارٹی کی پالیسیوں کے ساتھ اختلاف قرار نہیں دیا جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی قیادت کے 2013ء کے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے بے بنیاد الزامات پر قوم کے اڑھائی برس ضائع کردیئے ہیں۔انہوں نے تحریک انصاف کے سربراہ سے کہا کہ وہ حکومت کو تمام شعبوں میں اپنے ترقیاتی منصوبے مکمل کرنے دیں۔
پرویز رشید نے کہا کہ ملک میں امن وامان کی مجموعی صورتحال اور معیشت آج 2013 ء سے بہت بہتر ہے۔ کراچی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے اور سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ لگا رہے ہیں۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ حکومت نے اقتصادی مسائل پر قابو پا لیا ہے اور حکومت کی موثر پالیسیوں کے بہتر نتائج سامنے آرہے ہیں اور زرمبادلہ کے ذخائر ریکارڈ سطح تک پہنچ گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی اداروں نے بھی ہماری قومی معیشت میں بہتری کا اعتراف کیا ہے۔
پرویز رشید نے کہا کہ ملک سے دہشتگردی کا بڑی حد تک خاتمہ کردیا ہے اور امریکہ، روس اور افغانستان سمیت عالمی برادری نے اس حقیقت کو تسلیم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن وامان کی صورتحال میں بھی بہتری آئی ہے ۔
بجلی بحران کے بارے میں پرویز رشید نے کہا کہ وزیراعظم بجلی کے نئے پیداواری منصوبوں کا افتتاح کر رہے ہیں اور لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں نمایاں کمی آئی ہے۔
وزیراعظم کے آئندہ دورہ امریکہ کے بارے میں ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ نواز شریف امریکی صدر کے ساتھ قومی اور بین الاقوامی اہمیت کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔