جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان کے دشمن معاشرے میں انتشار پھیلانے کے مذموم ایجنڈے پر کام کررہے ہیں۔

عوام،ریاستی اداروں کی حمایت سے دہشت گردوں کیخلاف کارر وائی جاری رہے گی،آرمی چیف
18 مئی 2017 (17:58)
0

بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاہے کہ عوام اور ریاست کے تمام اداروں کی حمایت سے د ہشت گردوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔

وہ جمعرات کے روز راولپنڈی میں ایک سیمینار سے خطاب کررہے تھے۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کے دشمن معاشرے میں انتشار پھیلانے کے مذموم ایجنڈے پر کام کررہے ہیں، دشمن مختلف سمتوں اور طریقوں سے ہمارے خلاف سب سے بڑی اور مشکل جنگ لڑ رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ بھارتی قیادت نے سابقہ مشرقی پاکستان اور اب بلوچستان میں خفیہ جنگ میں اپنے ملوث ہونے کا راز افشا کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ملکر دہشت گردی کو شکست دی ہے اور ہم انتہا پسندی کا بھی پیچھا کریں گے اور اپنی اقدار ،ذہنی صلاحیت اور جسمانی توانائیوں سے اس کا خاتمہ کرکے دم لیں گے۔
دہشت گردی کے خلاف مسلح افواج اور قوم کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نازک ترین موڑ پر کھڑا ہے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ اسلام کو انتہاپسندی سے جوڑنا بلاجواز اور خطرناک ہے، بھارت میں بڑھتی ہوئی انتہا پسندی کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کے نتیجے میں پورے بھارت میں متشدد روپے  پنپ رہے ہیں اور نفرت ان کا قومی رویہ بن رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس کی ہندتوا انتہا پسندی، فلسطینیوں کی محرومی، مغربی ممالک کے د ارالحکومتوں میں مساجد اور گوردواروں کو نذر آتش کیا جانا، متشدد قوم پرستوں اور نسل پرستی میں اضافہ انتہائی پسندی کے اسباب ہیں۔