نواز شریف نے پاکستان میں جمہوریت کے استحکام کے لئے اخبارات و جرائد کے موثر کردار کو بھی سراہا۔

18 مئی 2017 (12:44)
0

وزیراعظم محمد نواز شریف نے کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈ یٹرز کے نئے منتخب عہدیداروں کو اپنے تہنیتی پیغام میں ملک میں آزاد پریس کے فروغ اورفعال ذرائع ابلاغ کے لئے تمام ممکنہ امداد اور تعاون فراہم کرنے کا یقین دلایا ہے۔ وزیراعظم نے ضیاء شاہد کوسی پی این ای کا صدر اور اعجاز الحق کو سیکرٹری منتخب ہونے پر دلی مبارکباد دی۔انہوں نے پاکستان میں جمہوریت کے استحکام کے لئے اخبارات و جرائد کے موثر کردار کو بھی سراہا۔

اپنے پیغام میں پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے بھی کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز کے نومنتخب نمائندوں کو مبارکباد دی ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ نومنتخب ارکان پرنٹ میڈیاکی صنعت کے مسائل کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔

اطلاعات ونشریات کی وزیر مملکت نے کونسل آف پاکستان نیوزپیپرز ایڈیٹرز کے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد دی ہے۔اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ ذرائع ابلاغ اور جمہوریت ایک دوسرے سے منسلک ہیں اور حکومت ملک میں آزادذرائع ابلاغ کی مکمل حامی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔