صدر اور وزیراعظم کی بھارت کے خلاف تاریخی فتح پر قوم اور کرکٹ ٹیم کو مبارکباد۔

18 جون 2017 (18:11)
0

پاکستان نے اتوار کے روز اوول میں آئی سی سی چمپئنز ٹرافی کے فائنل میں روائتی حریف بھارت کو 180رنز سے ہرا کر پہلی مرتبہ چیمپنز ٹرافی جیت لی۔
تین سو انتالیس رن کے ہدف کے تعاقب میں بھارت کی پوری تیم اکتیسویں اوورمیں آئوٹ ہوگئی۔
فخرزمان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جنہوں نے پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ114رن بنائے ۔ محمد عامر اور حسن علی نے تین تین وکٹیں حاصل کرکے بھارت کو ایک سواٹھاون رن پر محدود کیا۔
حسن علی کو ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ تیرہ وکٹیں لینے پر گولڈن بال سے نوازا گیا۔
انہیں ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔
صدر ممنون حسین اور وزیراعظم نوازشریف نے طویل عرصے بعد اس تاریخی کامیابی پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔
اپنے الگ الگ بیانات میں انہوں نے کھلاڑیوں کے بلند حوصلے اور اتحاد اور سپورٹس میں سپرٹ کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کے بہترین کھیل کی تعریف کی ۔
قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق، ڈپٹی سپیکر مرتضی جاوید عباسی، وزیرخزانہ اسحق ڈار، اور بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی قومی ٹیم کو مبارکباد پیش کی جبکہ آرمی چیف نے ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو عمرہ کی سعادت پر بھجوانے کا بھی اعلان کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے آئی سی سی چیمپئن ٹرافی کے فائنل میچ میں تاریخی فتح پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔
تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم فتح کیلئے کھیلے اور تمام بائولرز اور بیٹسمینوں نے حکمت عملی کے مطابق میچ میں اپنا کردار ادا کیا۔
بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے بھی آئی سی سی چیمپن ٹرافی 2017جیتنے پر پاکستان کو مبارکباد دی ہے۔زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی آئی سی سی چمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کامیابی پر خوشی کااظہار کیاہے۔
آزاد جموں وکشمیر اورگلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں لوگوں نے پاکستان اوربھارت کے درمیان آئی سی سی چمپئنزٹرافی کافائنل میچ دیکھا۔
مختلف شہروں میں لوگ بھارت کے خلاف پاکستان کرکٹ ٹیم کی فتح کاجشن منانے کیلئے گلیوں اور بازاروں میں نکل آئے انہوں نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے اور ہوائی فائرنگ بھی کی۔