file photo

آخری دہشتگرد کے خاتمے تک دہشتگردی کیخلاف کارروائیاں جاری رہیں گی:نثار
18 فروری 2017 (17:48)
0

وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
انہوں نے ہفتہ کے روز اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور دہشتگردی کی حالیہ لہر کو پوری طاقت سے کچل دیا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں سے دہشتگردی کے حملوں کے سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغان حکومت سے کہا گیا ہے کہ وہ پاکستان کو مطلوب دہشتگردوں کے خلاف سخت کارروائی کرے یا انہیں پاکستان کے حوالے کرے تاکہ انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جاسکے۔
چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ سیکورٹی مسائل کے باوجود پاکستان چالیس سال سے افغان مہاجرین کی میزبانی کررہا ہے اور اب یہ مہاجرین کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی صفوں میں دہشگرد عناصر کی نشاندہی کریں۔
انہوں نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ قومی سلامتی کے امور پر سیاست نہ کریں اور محفوظ پاکستان کیلئے اپنا کردارادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ قوم نے مثالی قربانیاں دی ہیں جنہیں رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ غیر ملکی ایجنسیاں اور عناصر ملک میں خود کش حملوں میں ملوث ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلح افواج نئے عزم وہمت کے ساتھ ان دہشتگردوں کا خاتمہ کریں گی اور ہم غیر ملکی ایجنسیوں کو ان کے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔