ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کے دشمن امن وترقی کے عمل کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم قومی اتحاد اور یکجہتی سے ان کے مذموم عزائم ناکام بنا دئیے جائیں گے۔

دہشتگردوں اور سہولت کاروں کو امن کی راہ میں رکاوٹ نہیں ڈالنے دیں گے:صدر
18 فروری 2017 (14:31)
0

صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ دہشت گردوں اور انکے سہولت کاروں کو ملک کے امن اور ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں ڈالنے دیں گے ۔آج سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کراچی کے پہلے جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو ہر قیمت پر ان کے محفوظ ٹھکانوں سے نکال کر انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
صدرنے کہا کہ ملک میں امن کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دشمن امن وترقی کے عمل کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم قومی اتحاد اور یکجہتی سے ان کے مذموم عزائم ناکام بنا دئیے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری پر تیزی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے تاکہ پاکستان کے تمام علاقوں کو یکساں ترقی کے خواب کو حقیقت کا روپ دیا جاسکے
صدر نے کہا کہ یہ بات اطمینان بخش ہے کہ بہت سے ملکوں نے چین پاکستان اقتصادی راہداری میں شامل ہونے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ راہداری نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے اور اس سے باہر کے ملکوں کی تقدیر بدلنے کا منصوبہ ثابت ہو گی۔ممنون حسین نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے جدید تعلیم حاصل کریں۔
گورنر سندھ محمد زبیر اور سندھ مدرستہ الاسلام کے وائس چانسلر پروفیسر محمد علی شیخ نے بھی اس موقع پر اظہار خیال کیا۔