نوازشریف نے ہدایت کی کہ کالعدم تنظیموں کو دوبارہ سرگرم ہونے سے روکنے کیلئے موثر اقدامات کیے جائیں۔

وزیراعظم کی صوبوں کو قومی لائحہ عمل پرعملدرآمد تیزکرنےکی ہدایت
18 فروری 2015 (20:02)
0

وزیراعظم محمد نوازشریف نے دہشت گردی کو مکمل طور پر شکست دینے کیلئے قومی لائحہ عمل پر عملدرآمد تیز کرنے پر زور دیا ہے۔
بدھ کے روز کوئٹہ میں بلوچستان کی اپیکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خاتمے کے اس منصوبے پر عملدرآمد کے بارے میں صوبائی حکومت کی کارکردگی تسلی بخش ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ اچھی بات ہے کہ حکومت اور فوج کا موقف یکساں ہے اوروہ ایک دوسرے کی مدد کررہے ہیں۔
انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ وفاقی حکومت اور فوج صوبائی حکومتوں کوقومی لائحہ عمل پراس کی روح کے مطابق عمل کرنے کیلئے ہرممکن امداد فراہم کریںگے۔
وزیراعظم نے بلوچستان میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے صوبائی حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ قومی لائحہ عمل کے بعد قابل ذکر بہتری دیکھی جاسکتی ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ کالعدم تنظیموں کو دوبارہ سرگرم ہونے سے روکنے کیلئے موثر اقدامات کیے جائیں۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سزائے موت کے تمام مقدمات جن کی رحم کی اپیلیں مسترد کی جاچکی ہیں' پر عملدرآمد کیا جائے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی بہتری صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے انہوں نے کہا کہ پولیس کی استعداد کار بڑھانے کیلئے وسائل فراہم کیے جارہے ہیں۔