چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ انتخابی نظام قانونی دائرہ کار میں رہ کر بہتر بنایا جائیگا۔

 انتخابی عمل میں اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں:سردار رضا
18 فروری 2015 (20:21)
0

چیف الیکشن کمشنر ریٹائرڈ جسٹس سردارمحمد رضانے کہاہے کہ انتخابی عمل کی بہتری اور اسے مضبوط بنانے کیلئے اصلاحات متعارف کرائی جارہی ہیں۔
انہوں نے یہ بات بدھ کے روز اسلام آباد میں یورپی پارلیمنٹ کے ایک وفد سے گفتگوکرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ انتخابی نظام قانونی دائرہ کارمیں رہ کر بہتر بنایا جائے گا جس میں انتخابی قوانین کی یکسانیت اور قانونی اور آئینی ترامیم شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انتخابی فہرستوں کو کمپیوٹرائزڈ بنانے کا منصوبہ ہے جس کے تحت بالخصوص ایک کروڑ خواتین کا جن کا ابھی تک اندراج نہیں ہوا' اندراج کیاجائے گااور انہیں قومی شناختی کارڈ جاری کیے جائیں گے۔
چیف الیکشن کمشنرنے کہا کہ اس وقت الیکشن کمیشن کی توجہ سینٹ کے انتخابات' خیبرپختونخواہ' پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات اور انتخابی فہرستوں کی نظرثانی پر ہے تاکہ اٹھہتر لاکھ نئے شناختی کارڈ والوں کا ووٹرلسٹوں میں اندراج کیا جاسکے۔