چاروں صوبوں میں ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کی گئی ہے
18 فروری 2015 (15:17)
0

قیمتوں کی نگرانی سے متعلق قومی کمیٹی کو بتایا گیا ہے کہ چاروں صوبوں میں ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کی گئی ہے ،تا کہ تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچایا جا سکے۔
کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہوا۔


اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ وزیر اعظم نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی ہے کہ ایسے اقدامات کریں جس سے تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ صارفین تک پہنچے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت تمام متعلقہ فریقوں کے تعاون سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر نظر رکھنے کے لیئے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔


انہوں نے کہا کہ ان کو ششوں کے نتیجے میں حکومت گزشتہ مہینے کے دوران افراط زر کی شرح تین اعشاریہ نو فیصد تک لانے میں کامیاب رہی جو گزشتہ بارہ برسوں میں افراط زر کی کم ترین شرح تھی۔