قومی اسمبلی :بارسلونا میں دہشتگرد حملے پر سپین کے عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے ایک منٹ کی خاموشی
18 اگست 2017 (15:54)
0

گزشتہ روز سپین کے شہر بارسلونا میں دہشت گرد حملے پر سپین کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے قومی اسمبلی میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ قومی اسمبلی نے ایک تحریک کے ذریعے آج کی کارروائی معطل کرتے ہوئے الیکشن بل2017 پر بحث شروع کی۔بحث میں حصہ لیتے ہوئے ارکان نے کہا کہ تقریباً تین سال کے عرصے میں تمام سیاسی جماعتوں کی بھرپور کوششوں کے بعد الیکشن بل 2017 کا مسودہ تیار کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بل کو ایسے طریقے سے حتمی شکل دی جانی چاہیے کہ آئندہ عام انتخابات میں کوئی بھی شخص اس پر اعتراض نہ اٹھا سکے ورنہ تمام کوششیں بے سود جائیں گی۔
ارکان نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کو آئندہ عام انتخابات میں اپنی رائے استعمال کرنے کا حق دیا جانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات کے لئے نیا الیکشن کمیشن قائم کیا جانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ جمہوری عمل میں حصہ لینے والوں کی حوصلہ افزائی کیلئے انتخابی اخراجات کی بھی حد مقرر کرنی چاہیے۔نہوں نے کہا کہ ووٹرز کی نشاندہی اور تصدیق کیلئے آئندہ عام انتخابات میں بائیومیٹرک سسٹم متعارف کرایا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ آئین میں بھی ضروری ترامیم کی جانی چاہیے۔
بحث پیر کو بھی جاری رہے گی اور اس میں وقفہ سوالات نہیں ہوگا۔ایوان کا اجلاس ا ب پیر کو سہ پہر تین بجے ہوگا۔