ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان سوئٹزرلینڈ کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔

پاکستان سوئٹزرلینڈ کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبے میں شراکت داری کے فروغ کا خواہاں ہے:صدر
18 اگست 2017 (15:29)
0

صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان سوئٹزرلینڈ کی مختلف شعبوں میں بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری میں شراکت داری بڑھانے کا خواہشمند ہے۔ جمعہ کو اسلام آباد میں سوئٹزرلینڈ کے سبکدوش ہونے والے سفیر Marc Pierre George سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان سوئٹزرلینڈ کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سوئٹزرلینڈ کی ملٹی نیشنل کمپنیوں کی جانب سے بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری سے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی اور یہ ان کا پاکستان پر اعتماد کا اظہار ہے۔
ممنون حسین نے سوئٹزرلینڈ کے ترقیاتی تعاون کے ادارے کے کام کو سراہا جس میں پینے کے صاف پانی ، صفائی ستھرائی ،دہشتگردی اور قدرتی آفات سے متاثرہ علاقوں میں معذور افراد پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔
صدر نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان حالیہ تقریباً چالیس کروڑ ڈالر سالانہ کے تجارتی حجم میں اضافہ کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے دونوں ملکوں کے تعلیمی اداروں کے درمیان روابط قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔