پرویز رشید نے کہا کہ بھارت بزور طاقت کشمیریوں کی آواز کو دبانے میں کامیاب نہیں ہوگا۔

پاکستان کا حق خود ارادیت کیلئے کشمیریوں کی جدوجہدکی حمایت کا اعادہ
18 اگست 2016 (19:16)
0

جمعرات کی شام اسلام آباد میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پرایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیراطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ پاکستان حق خودارادیت کی خاطر کشمیریوں کی جائز جدوجہد کیلئے ان کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہاکہ کشمیریوں نے بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے مقبوضہ کشمیر میں اپنی آئینی ، قانونی اور جمہوری جدوجہد جاری رکھی ہوئی ہے۔
وزیراطلاعات نے کہاکہ بھارت طاقت کا وحشیانہ استعمال کرکے کشمیریوں کی آواز دبانے کی کوشش کررہا ہے لیکن وہ اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ جمہوریت کی تاریخ میں پہلی بار آزادکشمیر کے انتخابات میں ووٹ ڈالنے کا تناسب اڑسٹھ فیصد رہا جو ظاہر کرتا ہے کہ ریاست کے عوام اپنے نمائندے منتخب کرنے میں آزاد ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ اسی تناسب سے سری نگر میں لوگوں نے بھارتی حکومت پر عدم اعتماد کااظہار کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرے کئے ۔
پرویز رشید نے کہاکہ ملک کے بیشتر مسائل کو حل کرلیاگیا ہے اور معیشت مضبوط ہوئی ہے ۔
وزیراطلاعات نے کہاکہ ملک کو آگے لے جانے کیلئے قوم متحد ہے لیکن چند عناصر ترقیاتی عمل کو سبوتاژ کرناچاہتے ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ لوگوں نے ایسے عناصر کو گزشتہ انتخابات میں مسترد کیا ہے اور وہ آئندہ انتخابات میں بھی کامیاب نہیں ہوںگے ۔