یہ اتفاق رائے برلن میں طے پایاہے۔

پاکستان اور جرمنی مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر متفق
18 اگست 2016 (15:40)
0

پاکستان اور جرمنی نے تجارت اور معیشت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے ۔ اتفاق رائے برلن میں دونوں ملکوں کے درمیان منعقدہ سٹرٹیجک مذاکرات کے تیسرے دور میں ہوا ۔ پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری خارجہ اعزازاحمد چوہدری جبکہ جرمن وفد کی قیادت سٹیٹ سیکرٹری MARKUS EDERER کررہے تھے ۔
مذاکرات میں اقتصادی تعاون ، دفاع ، تجارت ، سرمایہ کاری ، ثقافت ، تعلیم ، سیکورٹی اور سٹرٹیجک استحکام سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ فریقین نے افغانستان ، مشرق وسطی اور یورپی یونین میں حالیہ پیش رفت سمیت علاقائی صورتحال کاتفصیلی جائزہ بھی لیا ۔ انتہاپسندی اوردہشت گردی کے ناسور سے نمٹنے کیلئے بڑے پیمانے پر کوششوں کی ضرورت پر بھی اتفاق کیاگیا ۔
اعزاز احمدچوہدری نے اپنے ہم منصب کو بھارتی مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے عالمی برادری پرزوردیا کہ وہ وادی کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ختم کرانے کیلئے بھارت پر دبائو ڈالے ۔