وزیر مملکت نے کہا کہ حکومت حجاج کے لئے اخراجات کم کرنے کی بھرپور کوشش کررہی ہے۔

سحروافطار کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی،عابد شیر علی
18 اپریل 2017 (18:37)
0

سینیٹ کو بتایاگیا کہ حکومت حجاج کے لئے اخراجات کم کرنے کی بھرپور کوشش کررہی ہے۔
مذہبی امور کے وزیر مملکت پیرا مین الحسنات شاہ نے وقفہ سوالات کے دوران ایوان کو بتایا کہ رواں سال 743 حج گروپ آرگنائز کو حجاج کو سعودی عرب بھجوانے کی اجازت دی گئی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں پانی وبجلی کے وزیر مملکت عابد شیر علی نے ایوان کو بتایا کہ رمضان المبارک کے دوران صارفین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ سحر اور افطار کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی۔
ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملک میں لوڈ شیڈنگ کے مسئلے پر قابو پانے کیلئے متعدد اقدامات کئے ہیں۔
انہوں نے کہا ان میں پانی ، کوئلے ، شمسی توانائی اور ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے پلانٹس کی تنصیب شامل ہے جبکہ توقع ہے کہ بجلی پیدا کرنے کے کئی منصوبے اس سال جون تک اور اگلے سال مکمل ہو جائیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان سندھ طاس معاہدے کے تحت الاٹ ہونے والے تین مغربی دریائوں کا پانی محفوظ کرنے کیلئے کام کررہا ہے۔
انہوں نے کہا بھارت نے اس وقت تک تین مغربی دریائوں ،سندھ، جہلم اور چناب کا پانی ذخیرہ کرنے کیلئے کوئی تعمیرات نہیں کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کو ہمارے مغربی دریائوں پر سندھ طاس معاہدے میں دیئے گئے طریقہ کار اور ڈیزائن کے مطابق پن بجلی گھر تعمیر کرنے کا حق حاصل ہے۔