ماریشس کی صدر کا پاکستانی ثقافت اور مصنوعات کی نمائش کیلئے ہفتہ پاکستان منانے کی تجویز۔

صدر کا ماریشس کیساتھ آزاد تجارتی معاہدے پر زور
18 اپریل 2016 (19:10)
0

صدر ممنون حسین نے پاکستان اور ماریشس کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کیلئے معاشی اور تجارتی تعلقات بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
انہوں نے یہ بات پیر کے روز اسلام آباد میں ماریشس کی صدر ڈاکٹر بی امینہ فردوس کے ساتھ معاونین کے بغیر اور وفود کی سطح پر ملاقاتوں میں کہی۔
دونوں رہنماؤں نے تعلیم ، صحت اور تجارت کے شعبوں میں تعلقات میں اضافے پر اتفاق کیا۔ ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان ماریشس کے ساتھ اپنے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔
انہوں نے دونوں ممالک کے تعلقات مضبوط بنانے کیلئے آزادانہ تجارتی معاہدہ کرنے پر زور دیا۔ صدر نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان براہ راست فضائی رابطے قائم کرنے ، تجارت ، سیاحت اور عوامی روابط کے فروغ کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ مختلف علاقائی اور عالمی امور پر پاکستان اور ماریشس کا موقف یکساں ہے
ماریشس کی صدر نے پاکستانی ثقافت اور پاکستانی مصنوعات کی نمائش کیلئے ماریشس میں ہفتہ پاکستان منانے کی بھی تجویز دی۔
انہوں نے صدر ممنون حسین کو ماریشس کے دورے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی۔