Friday, 30 October 2020, 01:14:26 am
پاکستان کا کنٹرو ل لائن پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پربھارت سے شدید احتجاج
September 18, 2020

بھارت کے ایک اعلی سفارتکار کو جمعہ کے روز وزارت خارجہ میں طلب کیا گیا اور بھارتی قابض فوج کی جانب سے گزشتہ روز کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی خلاف ورزی پر پاکستان کی طرف سے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیاجس کے نتیجے میں تین بے گناہ شہری شدید زخمی ہوئے تھے۔

یہ تینوں بے گناہ شہری کنٹرول لائن کے سیکٹروں تتہ پانی اور جندروٹ میں قابض بھارتی فورسز کی بلا اشتعال اور اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں شدید زخمی ہوگئے تھے۔
قابض بھارتی فورسز کی جانب سے بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے اس بات پرزوردیا گیا کہ ایسے گھناونے اقدامات2003ء کے جنگ بندی معاہدے، تمام مروجہ انسانی اقدار اور پیشہ وارانہ فوجی قواعد وضوابط کی صریحا خلاف ورزی ہیں۔
بھارتی سفارتکار کو بتایا گیا کہ طاقت کے بل بوتے پر عالمی قوانین کی خلاف ورزیاں بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن کے ساتھ صورتحال کشیدہ کرنے کی کوششوں کا مظہر اور خطے کی امن و سلامتی کیلئے خطرہ ہیں۔
یہ پیغام بھی دیا گیا کہ بھارت کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر کشیدگی میں اضافہ کر کے دنیا کی توجہ غیرقانونی طور پر بھارت کے زیرقبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے نہیں ہٹا سکتا۔
بھارت پر یہ زور بھی دیاگیا کہ وہ پاکستان اور بھارت میں اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ کو اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اپناکردار ادا کرنے دے۔