Friday, 18 October 2019, 10:54:38 am
وزیر خارجہ کا سیاسی جماعتوں پر مظلوم کشمیریوں کی حمایت میں ملکر آواز بلند کرنے پر زور
September 18, 2019

 وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ اس نازک وقت پر سیاسی اختلافات بالائے طاق رکھتے ہوئے مظلوم کشمیری عوام کی حمایت میں یک آواز ہوں۔انہوں نے یہ بات بدھ کے روز اسلام آباد میں کشمیر کے بارے میں ارکان پارلیمنٹ کی قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔سینٹ کے زیر اہتمام اس کانفرنس میں سیاسی رہنما اور منتخب نمائندے شریک ہیں جس کا مقصد کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرنا ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ مودی حکومت کی سوچ اکھنڈ بھارت کی ہے اور صورتحال کی سنگینی ہماری جانب سے دانشمندی کے مظاہرے کا تقاضا کرتی ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کانفرنس کے اہتمام پرچیئرمین سینٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کانفرنس سے یہ پیغام دیاگیا ہے کہ منتخب نمائندے اپنے اختلافات سے قطع نظر کشمیری عوام کیلئے متحد ہیں۔ وزیر خارجہ نے ایک بار پھر واضح کیا کہ پاکستان پوری طرح کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ ہے۔ اس موقع پراظہار خیال کرتے ہوئے سینٹ کے چیئرمین صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی بحران ہے اور اس کانفرنس کا مقصد عالمی برادری کو اس بات پر قائل کرنا ہے کہ وہ مقبوضہ وادی میں کشمیری عوام تک انسانی امداد کی رسائی یقینی بنائے۔آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بھارت کے خطے میں مخاصمانہ عزائم ہیں اور پاکستان ہی اس کے راستے میں واحد رکاوٹ ہے۔