Friday, 19 April 2024, 02:30:10 pm
گوادر بندرگاہ،اقتصادی راہداری سے ملک میں خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا،وزیر خارجہ
February 19, 2018

 وزیرخارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ گوادر کی بندرگاہ اور چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبوں سے عوام کیلئے بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور خوشحالی کی نئی راہیں کھلیں گی۔

انہوں نے اتوار کو سیالکوٹ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گوادر پورٹ مصروف ترین بندرگاہ بن کر ابھرے گی اور ملک اور خطے میں وسیع تر اقتصادی استحکام یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن قائم رکھنے کی تمام ممکنہ کوششیں کررہاہے تاہم بھارت امن عمل میں رکاوٹیں پیدا کررہا ہے اور دہشتگردوں کی پشت پناہی کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت پر جنگی جنون سوار ہے اور وہ کنٹرول لائن اور ورکنگ بائونڈری کی خلاف ورزیوں کے علاوہ بے گناہ شہریوں کو شہید کرنے میں ملوث ہے۔

وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ بھارت کی کسی بھی مہم جوئی سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور دنیا کو دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیاں تسلیم کرنا چاہئیں۔

خواجہ محمد آصف نے کہا کہ حکومت ملک کے دوردراز اور نظر انداز علاقوں کو ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لانے کیلئے روابط کے ذرائع بہتر بنانے کی غرض سے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پروگرام کے تحت صوبے کے پسماندہ علاقوں کو ترقی یافتہ علاقوں کی طرح بہتر بنانے اور انہیں آپس میں منسلک کرنے کیلئے بلوچستان میں 1800 کلومیٹر طویل سٹرکیں تعمیر کی گئیں۔

Error
Whoops, looks like something went wrong.