جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر وزیراعظم امریکہ، پاکستان بزنس کونسل کے ساتھ دوطرفہ بات چیت کے علاوہ خارجہ تعلقات کی کونسل سے بھی خطاب کریں گے۔

file photo

 وزیر اعظم کل نیو یارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 72ویں اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے
17 ستمبر 2017 (07:16)
0

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کل نیو یارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 72ویں اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔دفتر خارجہ کے ایک بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم مختلف عالمی رہنماؤں اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے بھی دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے۔
وزیراعظم لندن پہنچے ہیں جہاں سے وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے نیو یارک روانہ ہوں گے۔عالمی ادارے کے ایک سو ترانوے رکن ملکوں کے سالانہ اجتماع سے پاکستان کو مختلف شعبوں میں اپنی ترجیحات پر پیش رفت کے لئے کثیر جہتی او ر دوطرفہ رابطوں کا موقع فراہم ہوگا۔
جنرل اسمبلی کے اجلاس میں عمومی بحث منگل کو شروع ہوگی جس میں کرہ ارض پر رہنے والے تمام انسانوں کے لئے قیام امن اور مہذب زندگی کے فروغ کی کوششوں پر توجہ دی جائے گی۔
جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر وزیراعظم امریکہ، پاکستان بزنس کونسل کے ساتھ دوطرفہ بات چیت کے علاوہ خارجہ تعلقات کی کونسل سے بھی خطاب کریں گے۔
اس موقع پر جموں کشمیر کے بارے میں اسلامی تعاون تنظیم کے رابطہ گروپ کا اجلاس بھی ہوگا۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان جموں کشمیر اور انسداد دہشت گردی کے دیرینہ مسائل کے حل اور مختلف ترقیاتی امور سمیت اپنے قومی مفادات کے تحفظ اور فروغ کے لئے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر اپنا تعمیری کردار اور رابطے جاری رکھے گا۔