ترجمان نے کہا کہ پاکستان مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی اور پرامن نمازیوں پر اسرائیلی تشدد کی مذمت کرتا ہے۔

بھارت جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کرے:پاکستان
17 ستمبر 2015 (14:15)
0

پاکستان نے بھارت پر زور دیا کہ وہ کنٹرول لائن اور ورکنگ باونڈری پر جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کرے۔

جمعرات کو اسلام آباد میں نیوز بریفنگ میں دفتر خارجہ کے ترجمان قاضی خلیل ﷲ نے کہا کہ بھارت کی طرف سے اپنائے گئے موقف اور زمینی حقائق میں فرق ہے۔  ترجمان نے کہا کہ ملکوں کے تعلقات میں بعض معاملات پر اختلاف رائے معمول کا حصہ ہوتا ہے تاہم پاکستان اور بھارت کے درمیان اچھے تعلقات ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے رواں ماہ کی تیس تاریخ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرنا ہے تاہم بھارتی ہم منصب نریندر مودی کے ساتھ انکی کسی ملاقات کے حوالے سے ابھی تک کوئی اطلاع نہیں ہے۔


ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان سرحد کو پرامن رکھنے کیلئے اقدامات پر بات چیت کر رہے ہیں۔ قاضی خلیل ﷲ نے کہا کہ پاکستان تمام رکن ملکوں کے اتفاق رائے سے اقوام متحدہ میں اصلاحات کا خواہاں ہے تاہم وہ سلامتی کونسل میں نئے مستقل ارکان کی شمولیت کی مخالفت کرتا ہے۔  انہوں نے کہا کہ پاکستان ایٹمی عدم پھیلاؤ کے اہداف کے حصول کیلئے پرعزم ہے اور وہ نیوکلئیر سپلائرز گروپ میں شمولیت کا خواہشمند ہے۔


ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ پاکستان مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی اور پرامن نمازیوں پر اسرائیلی تشدد کی مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے 1967 سے قبل کی سرحد پر مشتمل آزاد فلسطینی ریاست جس کا دارالحکومت القدس ہو، کے لئے پاکستان کے موقف کا اعادہ کیا۔