ملک میں کوئی غیر تصدیق شدہ سم نہیں،سینیٹ کو یقین دہانی
17 ستمبر 2015 (17:19)
0

سینٹ کو جمعرات کے روز بتایاگیا کہ ملک میں کوئی غیر تصدیق شدہ سم نہیں ہے کیونکہ تمام سموں کی نادرا سے کم از کم ایک مرتبہ تصدیق کی جاچکی ہے۔

پارلیمانی اُمور کے وزیرمملکت شیخ آفتاب احمد نے وقفہ سوالات کے دوران ایوان کو بتایا کہ نوکروڑ تراسی لاکھ سمیں بند کردی گئی ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ملک میں بین الاقوامی رومنگ پر دولاکھ تئیس ہزار غیرملکی سمیں بھی استعمال کی جارہی ہیں۔  ایک اور سوال پر شیخ آفتاب نے کہا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران مصنوعات کے شعبے میں تجارتی خسارہ بائیس ارب ڈالرز رہا جبکہ خدمات میں ڈھائی ارب ڈالرز رہااور اس مسئلے کے حل کیلئے بالخصوص برآمدات کے فروغ کے ذریعے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

ایوان کو بتایا گیا کہ توقع ہے کہ اسلام آباد کا نیا بین الاقوامی ہوائی اڈہ اگلے سال اکتوبر سے کام شروع کردے گا۔

چیئرمین رضا ربانی نے نندی پور منصوبے سے متعلق زیر التواء کئی تحاریک بحث کیلئے منظور کرلیں۔  یہ تحاریک سعید غنی ، الیاس احمد بلور، محسن عزیز، سسی پلیجو اور شیری رحمن نے پیش کیں۔  ایوان کو بتایا گیا کہ سینٹ کو مختلف افراد اور بعض نمائندہ اداروں سے آٹھ سو ستتر پبلک پٹیشنز موصول ہوئیں ہیں۔  ان میں سے چار پر ایوان میں بحث کی گئی جبکہ تین سو اٹھانوے مختلف قائمہ کمیٹیوں کو بھجوا دی گئیں ، چار سو چوالیس قابل غور نہیں تھیں۔