ممنون حسین نے معیاری تعلیم کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے فی کس آمدنی میں اضافے اور ملک سے غربت کم کرنے میں مدد ملے گی۔

معیاری تعلیم سے غربت کے خاتمے میں مدد ملے گی:صدر
17 اکتوبر 2016 (18:16)
0

صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ معیاری تعلیم سے بلا شبہ غربت کے خاتمے میں مدد ملے گی اور اس سے بالآخر حکومت کی دہشتگردی کے خاتمے کی کوششوں میں بہتری آئے گی۔پیرکے روز اسلام آباد میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے زیر اہتمام ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام افراد کو تعلیم ، روزگار اور ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرتی ہے۔  صدر نے معیاری تعلیم کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے فی کس آمدنی میں اضافے اور ملک سے غربت کم کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے تعلیم کی فراہمی کیلئے معاشرے کے غریب طبقے کے تیرہ لاکھ بچوں کے اندراج پر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو سراہا۔

صدر نے صوبائی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ ہر بچے کیلئے معیاری تعلیم یقینی بنانے کے سلسلے میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے وسیلہ تعلیم پروگرام سے تعاون کریں۔  صدر نے کہا کہ حکومت لڑکیوں کی تعلیم پر توجہ دے رہی ہے اور وسیلہ تعلیم پروگرام لڑکیوں کی تعلیم میں اہم کردارادا کررہا ہے۔ممنون حسین نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری سے ملک میں ترقی اور خوشحالی کا ایک نیا دور شروع ہو گا اور ان منصوبوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے ہنرمند اور تعلیم یافتہ افرادی قوت نہایت اہم ہے۔ انہوں  نے کہا کہ جدید تعلیم کیلئے اچھا نصاب ضروری ہے اور حکومت اس حوالے سے بھرپور کوششیں کررہی ہے۔