File Photo

پاکستان کا برکس رہنمائوں پر کشمیریوں کا قتل عام بند کرانے کیلئے بھارت پر دبائو ڈالنے پر زور
17 اکتوبر 2016 (09:54)
0

پاکستان نے عالمی برادری خصوصاًبرکس کے رہنمائوں پر زوردیا ہے کہ وہ کشمیریوں کا قتل عام بند کرانے کے لئے بھارت پر دبائو ڈالیں۔ بھارتی وزیراعظم کے اس بیان پر کہ پاکستان دہشت گردی کی جڑ ہے شدید ردعمل کااظہار کرتے ہوئے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہاکہ نریندرمودی برکس اورBimstec کے رہنمائوں کوگمراہ کررہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کشمیراقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے میں عالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے مگر بھارتی قیادت مقبوضہ وادی میں اپنے مظالم چھپانے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی جانب سے حق خودارادیت کے مطالبے کی وجہ سے کشمیریوں کا قتل عام کیا جارہاہے۔
مشیر خارجہ نے کہاکہ اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم نے کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد کودہشت گردی قرار دینے کی بھارتی کوششوں کو مسترد کردیاہے۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی مذمت کرنے میں برکس اورBimstec ممالک کے ساتھ ہے اور پاکستانی سر زمین پر بھارت کی ریاستی دہشت گردی سمیت دہشت گردی کے خلاف بلا امتیاز لڑنے کے بھرپور عزم کااعادہ کرتا ہے۔