نوازشریف نے کہا کہ بہترین صلاحیتوں سے لیس بحریہ ملک کی سلامتی اور اقتصادی خوشحالی کیلئے انتہائی ضروری ہے۔

 ملکی دفاع میں بحریہ کا کردار اہم رہا ہے:وزیراعظم
17 اکتوبر 2014 (18:43)
0

وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ ملک کی بحری حدود کے دفاع کو مستحکم بنانے کے لئے ضروری وسائل فراہم کیے جائیں گے۔
وہ جمعہ کو تیسرے پہر لاہور میں پاکستان نیوی وار کالج کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بہترین صلاحیتوں سے لیس بحریہ ملک کی سلامتی اور اقتصادی خوشحالی کیلئے انتہائی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ منصوبہ بندی کمیشن \' پاکستان کے لئے میری ٹائم ویژن بنانے پر کام کررہا ہے۔
وزیر اعظم نے مسرت کا اظہار کیا کہ پاک بحریہ کراچی شپ یارڈ کی بحالی کے ذریعے بڑے جنگی بیڑے اور حملہ آور جہاز مقامی طور پر تیار کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی منتقلی کے ذریعے مقامی طور پر بحری جہازوں کی تیاری اور مشترکہ منصوبوں پر توجہ مرکوزرکھی جائے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اپنی سرحدوں کے اندر اور باہر امن و امان چاہتاہے تاکہ سماجی ومعاشی ترقی کے ضروری اہداف حاصل کیے جاسکیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت جدید ائیرپورٹ\' ایکسپریس وے اور بجلی گھروں کی تعمیر کے ذریعے گوادر پورٹ کو جلد از جلد قابل استعمال بنانے کیلئے تیزی سے کام کررہی ہے انہوں نے کہا کہ ہم گوادرپورٹ کو تمام ضروری سہولیات سے لیس ایک عالمی معیار کی بندرگاہ بنانا چاہتے ہیں جو نہ صرف پاکستان کی بحری بلکہ خطے کی معاشی ضروریات کو بھی پورا کرسکے۔