نوازشریف نے کہاکہ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ ، روزگار کے مواقع میں اضافے کیلئے سڑکوں کاجال بچھایا جارہا ہے۔

حکومت لوگوں کوبنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے بھرپور توجہ دے رہی ہے:وزیراعظم
17 مارچ 2015 (18:04)
0

وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ حکومت ملک بھر میں لوگوں کوبنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے اپنے ترقی کے وژن پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے وزیر صنعت غلام مرتضی جتوئی اور وزیراعظم کے مشیر انجینئرامیرمقام سے گفتگوکے دوران کیا جنہوں نے منگل کو اسلام آباد میں ان سے الگ الگ ملاقات کی۔

وزیراعظم نے کہاکہ لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے ، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ ، روزگار کے مواقع میں اضافے کیلئے سڑکوں کاجال بچھایا جارہا ہے۔  انہوں نے کہاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کیلئے اضافی بجلی قومی گرڈ میں شامل کی جارہی ہے۔


اتوار کو لاہور میں ہونے والے دہشت گرد حملوں ، ان کے خلاف احتجاج اور فسادات کے بارے میں وزیراعظم کاکہنا تھا کہ تمام صوبائی حکومتوں کو امن وامان کیلئے موثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔  انہوں نے کہاکہ اقلیتیں پاکستانی معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور حکومت چاہتی ہے کہ اقلیتی امن وہم آہنگی کے ساتھ زندگی گزاریں۔


وزیرصنعت نے وزیراعظم کوشعبہ صنعت کی ترقی کیلئے اپنی وزارت کی جانب سے کئے گئے اقدامات بارے بریفنگ دی ملاقات کے دوران مسلم لیگ (ن) سندھ کے سینئر نائب صدر سید شاہ محمد شاہ بھی موجود تھے۔  انجینئرامیرمقام کے ساتھ اپنی ملاقات میں وزیراعظم نے بٹل، اوکی اور شانگلہ کے علاقوں کو موٹر وے سے ملانے کے منصوبوں کی اصولی طورپر منظوری بھی دی ۔ ملاقاتوں کے دوران سندھ اور خیبرپختونخوا میں پارٹی معاملات کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔