ممنون حسین نے کہاکہ پاکستان نے چین کے تعاون سے بنیادی ڈھانچے اور ترقی کے متعد دمنصوبے شروع کئے ہیں ۔

حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں کے باعث ملکی معیشت میں بہتری آئی ہے:صدر
17 مارچ 2015 (13:12)
0

صدرممنون حسین نے کہا ہے کہ حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں کے باعث ملکی معیشت میں بہتری آئی ہے۔وہ آج اسلام آباد میں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انجنئیرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز کے جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے چین کے تعاون سے بنیادی ڈھانچے اور ترقی کے متعدد منصوبے شروع کئے ہیں اور ملکی ترقی کے لئے ان منصوبوں پر عملدرآمد ناگزیر ہے۔


انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے ملک میں معاشی انقلاب آئے گا اور روزگار کے بے پناہ مواقع پیدا ہوںگے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے منصوبوں سے ملک میں بجلی کی قلت پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ممنون حسین نے سائنس کو ترقی کا وسیلہ بنانے اور اسکے ثمرات عوام تک منتقل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔


انہوں نے کہا کہ ایٹمی توانائی کا ملک کی ترقی وخوشحالی میں اہم کردار ہے۔ اس سے نہ صرف سستی بجلی کی پیداوار میں مدد ملتی ہے بلکہ یہ صنعتوں کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہوتی ہے۔انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ انفرادی اور ملک کی ترقی کیلئے اپنی تعلیم پر پوری توجہ دیں۔اس موقع پر صدر نے مختلف مضامین کے طلباء کو اسناد اور میڈلز دئیے۔