اقوام متحدہ میں سفیر ملیحہ لودھی نے یقین دلایا کہ پاکستان اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔

عالمی برادری افغانستان میں مفاہمتی عمل کی حمایت کرے:پاکستان
17 مارچ 2015 (09:51)
0

پاکستان نے عالمی برادری پرزوردیا ہے کہ ملک میں امن اور استحکام کیلئے افغانستان کی حکومت اور طالبان کے درمیان مجوزہ مفاہمتی عمل کی مکمل حمایت کرے۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں افغانستان کی صورتحال پر اپنے خطاب میں اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ملیحہ لودھی نے یقین دلایا کہ پاکستان اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔انہوں نے کہا کہ امن عمل کو تباہ کرنے والوں کی حوصلہ شکنی کی جانی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ افغان صدراشرف غنی کے اسلام آباد کے حالیہ دورے کے دوران وزیراعظم نوازشریف سے ان کی بات چیت کے نتیجے میں پاک افغان تعلقات میں تذویراتی تبدیلی آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے رہنمائوں نے مشترکہ سلامتی اور معاشی مفادات کے بارے میں شراکت داری پر مبنی تصورپرتبادلہ خیال کیا۔ملیحہ لودھی نے کہا کہ دونوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اپنی سرزمین ایک دوسرے کے خلاف کسی صورت استعمال نہیں ہونے دیں گے۔


آپریشن ضرب عضب کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کے تمام گروپوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی گئی ہے۔انہوں نے صدر اشرف غنی کے اس عزم کا خیر مقدم کیا کہ پاکستان میں مقیم افغان پناہ گزینوں کو ان کے گھروں میں واپس لایا جائے گا اور ایک مقررہ مد ت میں ان کی وطن واپسی کیلئے ایک نظام الاوقات دیا جائے گا۔