مقبوضہ کشمیر:ہزاروں افرادکی شہیدنوجوانوں کی نمازجنازہ میں شرکت
17 جون 2017 (19:44)
0

مقبوضہ کشمیرکے مختلف علاقوں میں آج ہزاروں افرادنے شہیدنوجوانوں جنیدمتو، ناصردرانی اورعادل مشتاق کی نمازجنازہ میں شرکت کی۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق شہیدنوجوانوںکی نمازجنازہ اسلام آباد، شوپیاں اور پامپورکے علاقے میں ادا کی گئی۔جنازے کے شرکاء نے آزادی اور پاکستان کے حق میں اوربھارت کیخلاف فلک شگاف نعرے لگائے۔شہید نوجوانوں کی میتوں کی پاکستانی پرچم میں لپیٹ کرتدفین کی گئی۔
کٹھ پتلی انتظامیہ نے رنگریٹھ اور آروانی کے علاقوں میں نوجوانوں کی شہادت پرلوگوں کو احتجاجی مظاہروں سے روکنے کیلئے سرینگر اورمقبوضہ وادی کے دیگرعلاقوں میں پابندیاں عائد کردیں۔
قابض حکام نے مظاہرے روکنے کیلئے تمام بڑے قصبوں میں بھارتی پولیس اورفوجیوں کی بھارتی نفری تعینات کردی۔
نوجوانوں کے قتل کیخلاف احتجاج کیلئے مشترکہ حریت قیادت کی اپیل پرمقبوضہ علاقے میں مکمل ہڑتال کی گئی۔
حریت رہنمائوں سید علی گیلانی، میرواعظ عمرفاروق، محمدیاسین ملک، شبیراحمدشاہ، آغا حسن الموسوی الصفوی اوردیگر نے نوجوانوں کے قتل کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی آرمی چیف جنرل بپن راوت کے حالیہ بیانات کے بعد قابض فوج نے مقبوضہ علاقے کو مقتل بناکررکھ دیا ہے اور جو بھی ان کے راستے میں آتا ہے اسے قتل کردیاجاتاہے۔
ادھر قابض حکام نے میرواعظ عمرفاروق کو آج سرینگر میں ان کے گھر میں نظربند کردیا جبکہ سیدعلی گیلانی کو مسلسل اپنی رہائش گاہ تک محدود رکھا۔